امریکہ کا بڑا تجارتی حملہ، 1300چینی مصنوعات پر ٹیکس میں 25 فیصد اضافہ

Last Updated On 04 April,2018 02:57 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) گزشتہ ماہ شروع ہونے والی چین اور امریکا کی تجارتی جنگ میں تیزی آگئی، چین کی جانب سے 128 امریکی اشیا پر درآمدی ٹیکس لگایا گیا تو امریکا نے ایک اور تجارتی حملہ کر دیا، امریکہ نے چین سے درآمد ہونے والی 1300 اشیا کی فہرست جاری کی ہے جن پر عائد ٹیکس میں 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

چین نے قبل ازیں امریکی مصنوعات پر نئے ٹیکسوں کا اعلان گزشتہ ماہ اُسی دن کر دیا تھا جب امریکا نے چین کی فولادی مصنوعات کی درآمد پر 25 فیصد جبکہ ایلمونیم مصنوعات کی درآمد پر 10 فیصد ٹیکس نافذ کیا تھا۔

تجارتی جنگ کا آغاز ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ،اس کے باوجود واشنگٹن چین کے جوابی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے، وائٹ ہاؤس کی نائب ترجمان لنڈ سے والٹرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی منصفانہ برآمدی مصنوعات کو نشانہ بنانے کی بجائے چین اپنی غیر منصفانہ تجارتی سرگرمیاں بند کرے، چین کا کہنا ہے امریکا نے ڈبلیو ٹی او کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور بیجنگ کے مفادات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔