چین کا بے قابو خلائی محل جنوبی بحرالکاہل میں جا گرا

Last Updated On 02 April,2018 06:47 pm

چین: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کے لیے تباہی کا خطرہ بننے والا چینی خلائی سٹیشن زمین پر پہنچ گیا، تیانگونگ1 نامی یہ ناکارہ خلائی سٹیشن زمین کے فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی بکھر گیا اور جنوبی بحرالکاہل میں ٹکڑے ٹکڑے ہو کر گرا۔

تقریباً 7 سال خلاء میں رہنے والی یہ 8 میٹرک ٹن وزنی تجربہ گاہ اپنے اختتام کو پہنچی۔ چین اور امریکی میڈیا کے مطابق تیانگونگ 1 زمین کی خلائی حدود میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 15 منٹ پر داخل ہوا اور 5:30 کے قریب جنوبی بحرالکاہل میں گر کر تباہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ جنوبی بحرالکاہل ایک وسیع خطہ ہے۔ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ کتنا ملبہ زمین پر سالم گرا ہے۔ تاہم اس پورے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ خلائی سٹیشن زمینی کرہ ہوائی میں آواز سے 22 گنا زیادہ رفتار پر داخل ہوا ۔ خلائی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی بحرالکاہل میں سمندر سے ٹکراتے وقت اس کے ٹکڑوں کی رفتار 27 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ نوٹ کی گئی۔

 

ہارورڈ سمتھسونین سینٹر کے خلاباز جوناتھن میک ڈاول نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ تاہیٹی کے شمال مغرب میں گرا ہے۔

 

خیال رہے کہ یورپی سپیس اینجسی کی قیادت میں 13 سپیس ایجنسیاں راڈار اور دوربین کے ذریعے تیانگونگ کے گرنے کے عمل پر نظر رکھ رہے تھے۔