بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ کا آغاز، امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا معاملہ، چین بھی میدان میں آگیا، امریکی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح بڑھا دی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین نے امریکہ سے درآمد کی جانے والی 128 اشیا پر ٹیکس میں 25 فیصد تک اضافہ کردیا ہے۔ جن اشیا پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں شراب اور خنزیر کا گوشت شامل ہے، ان دونوں اشیا کی چین میں سب سے زیادہ کھپت ہے۔
چین نے امریکی مصنوعات کی درآمدات پر ٹیکس میں اضافہ صدر ٹرمپ کی جانب سے سٹیل اور المونیم کی امریکہ میں درآمدات پرٹیکس میں اضافے کے جواب میں کیا ہے۔
امریکی صدر کی جانب سے جب چینی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا تو چین نے کہا تھا کہ وہ تجارتی جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر ان کی معیشت متاثر ہوتی ہے تو وہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ چینی مفادات کے تحفظ اور امریکہ سے تجارت میں توازن پیدا کرنے کے لیے ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تجارتی جنگیں اچھی ہوتی ہیں اور امریکہ کے لیے یہ جنگ جیتنا آسان ہوگا۔ صدر ٹرمپ امریکہ میں چینی سرمایہ کاری کو محدود کرنا چاہتے ہیں۔