چار پاور پلانٹس کو ایل این جی سے چلانے کی اجازت دی جائے، کےالیکٹرک

Last Updated On 03 May,2018 05:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک نے چار پاور پلانٹس کو ایل این جی سے چلانے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی۔ کے الیکٹرک کے مطابق ایل این جی کے استعمال سے ٹیرف میں اضافہ ہوگا۔

کراچی کے عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے بچانے کی خاطر کے الیکٹرک نے نیا منصوبہ مرتب کرلیا ہے۔ کے الیکٹرک اب ایل این جی سے بھی بجلی پیدا کرے گی، جس کے لیے نیپرا میں باقاعدہ درخواست جمع کر دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے چار پاور پلانٹس ایل این جی سے چلانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ جن میں بن قاسم کے دو، کورنگی اور سائٹ کا ایک ایک پاور پلانٹ شامل ہے۔ جس کی سب سے بڑی وجہ طلب سے کم گیس کی فراہمی ہے۔

کے الیکٹرک کے مطابق ایل این جی کا استعمال گیس کی کم سپلائی کی صورت میں ہی کیا جائے گا، جس سے ٹیرف میں اضافہ ہوجائے گا کیونکہ ایل این جی عام گیس کے مقابلے میں تین گنا مہنگی ہے۔