کراچی (دنیا نیوز ) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 ڈالر سے زائد کم ہوگئیں، پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے کے امکانات روشن ہوگئے۔ سعودیہ عرب اور روس کی جانب سے خام تیل کی پیداوار میں مجموعی طور پر 10 لاکھ بیرل اضافے کے اعلان سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھونچال آگیا۔
صرف دو روز کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت 5 ڈالر 40 سینٹس گھٹ گئی، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 66 ڈالر 20 سینٹس کی سطح پر آچکی ہے۔ دوسری جانب دو روز کے دوران ہی برطانوی خام تیل کی قیمت 1 ڈالر 40 سینٹس کی کمی سے برطانوی خام تیل 75 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گھٹ جانے سے آئندہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں بھی پٹرول و ڈیزل سستا ہوسکتا ہے ۔۔