لاہور: (روزنامہ دنیا ) عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی میں شامل ہونیوالے افراد کو ٹکٹیں ملنے کا قوی امکان ہے۔ تحریک انصاف کے چہرے کم، نئے چہرے زیادہ امیدوار ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں شامل ہونے والے 64 ایم این ایز اور رنرز اپ عام انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سے تحریک انصاف میں 19 موجودہ ایم این ایز شامل ہوئے جبکہ نئے شامل ہونے والی 45 شخصیات 2013 میں قومی اسمبلی کے الیکشن میں دوسرے نمبر پر رہیں۔ مسلم لیگ ن کے 15، پیپلزپارٹی کے 14، مسلم لیگ ق کے 11 ایم این ایز اور رنرز اپ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ آزاد 23 اور دیگر جماعتوں سے چار ایم این ایز اور رنرز اپ تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ 2013 کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے پنجاب سے قومی اسمبلی کے صرف 15 امیدوار رنرز اپ رہے۔
مزید برآں پی ٹی آئی نے 6 جون تک حتمی امیدواروں کے نام سامنے لانے کیلئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کر لیے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس 31 مئی سے طلب کیے گئے ہیں، جن میں امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا اور یہ مرحلہ 6 جون تک مکمل ہوگا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق 41 سو کے قریب امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن سے تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تحریک انصاف 31 مئی کو اسلام آباد، 2 اور 3 جون کو پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔ 4 جون کو فاٹا اور کے پی، 5 جون کو سندھ اور 6 جون کو بلوچستان کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے لائے گی۔