تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا عمل 2019 سے شروع ہوگا

Last Updated On 12 November,2018 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا عمل جنوری 2019ء سے شروع ہو جائے گا، ابتدا میں 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔

کئی سال کی محنت کے بعد جنوری 2019ء میں تھر سے حاصل ہونے والے کوئلے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ سندھ اینگرو کمپنی کے حکام کے مطابق ابتدا میں پہلے پلانٹ سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ 2024ء تک تھر کوئلے سے بجلی کی پیداوار 4000 میگاواٹ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم عمران خان جنوری میں تھر پاور پلانٹ کا دورہ کریں گے جس کے بعد تھر کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی قومی گریڈ میں شامل کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ تھرکول پاور پلانٹ پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے کے تحت لگایا گیا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی بدولت پاکستان کو اربوں روپے کی بچت ہوگی کیونکہ حکومت کو بجلی کی پیداوار کے لئے تیل اور گیس کی درآمدات کم کرنا پڑے گی، اس کے علاوہ تھر سے نکلنے والا کوئلہ سیمنٹ بنانے والے کارخانوں کے لئے بھی کارآمد ہوگا۔