کراچی: (دنیا نیوز) حکومت نے سرکلر ڈیٹ میں کمی کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے اور 200 سے 300 ارب روپے کے بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، رقم سے پی ایس او کی مالی مشکلات کم کی جائیں گی اور ریفائنریوں کے لیے بھی فنڈز کا انتظام ہوسکے گی۔
اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ سردیوں میں ایندھن سے بجلی بنانے کے لیے فنڈنگ کا انتظام کیا جا رہا ہے کیونکہ آئندہ تین ماہ تک پن بجلی سے بجلی کی پیداواری میں خاطر خواہ کمی ہو جاتی ہے۔
حکومت نے توانائی کے شعبے کی سرکلر ڈیٹ کو کم کرنےکے لیے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکلر ڈیٹ کمی کے لیے 200 سے 300 ارب روپے کے بانڈز تیار ہیں جنہیں اسلامک بینکوں کو فروخت کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت بانڈز کے لیے گارنٹی فراہم کرے گی۔ بانڈز کی رقم پی ایس او کی مالی مشکلات کم کرے گی اور آئل ریفائنریز کو بھی فنڈنگ مل سکے گی۔ سردیوں میں ایندھن سے بجلی گھر چلانے کے لیے رقوم فراہم ہوسکیں گی۔