بیرونی خطرات کے انڈیکس میں پاکستان کا تناسب بڑھ کر 153 فیصد ہو گیا، موڈیز رپورٹ

Last Updated On 16 November,2018 04:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بیرونی خطرات کے انڈیکس میں پاکستان کا تناسب بڑھ کر 153 فیصد ہوگیا ہے، عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز نے رپورٹ جاری کر دی۔

پاکستان کی معیشت پر خطرات منڈلا رہے ہیں، عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کے مطابق بیرونی خطرات کے انڈیکس میں پاکستان کا تناسب بڑھ کر اب 153 فیصد ہوچکا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، منگولیا، مالدیپ اور سری لنکا کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے، بڑھتے ہوئے خسارے کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر کم ہورہے ہیں۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پاکستان کے پاس دو ماہ کی درآمدات کے برابر بھی ذخائر نہیں رہے، دوسری طرف ایک سال میں پاکستان کے قرضے 2 اعشاریہ 6 فیصد بڑھے، موڈیز کے مطابق آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات سے پاکستان کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔