ٹیکس اہداف میں ناکامی پر وزیر خزانہ کے تحفظات

Last Updated On 13 November,2018 09:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکس اہداف میں ناکامی پر حکومت ٹیکس مشینری سے غیر مطمئن ہے اور ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس حکام کی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں ٹیکس حکام نے وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر کی سربراہی میں وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ ایف بی آر حکام نے وزیر خزانہ اسد عمر کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں ایف بی آر کی سو روزہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران ٹیکس وصولیوں اور ٹیکس اہداف سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ایف بی آر چار ماہ کے دوران ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا جس پر وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے محصولات نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیکس حکام کی کارکردگی پر تحفظات ظاہر کیے۔

ٹیکس حکام نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی، انہیں نوٹس بھیجنے پر بھی بریفنگ دی۔ کسٹم، ان لینڈ ریونیو کی کارکردگی بھی وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی۔