انٹر بینک میں ڈالر مستحکم، 134 روپے 10 پیسے کا ہوگیا

Last Updated On 13 November,2018 04:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر مزید 15 پیسے اضافے سے 134 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا، ڈالر مہنگا ہونے سے دو ہفتوں میں بیرونی قرضے 154 ارب روپے بڑھ گئے۔

حکومتی دعوے اور دوست ممالک کے وعدے اپنی جگہ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ اب تک پاکستان کو ایک ڈالر بھی وصول نہیں ہوا۔ دوسری طرف بیرونی ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائرمسلسل گر رہے ہیں اور اب سٹیٹ بینک کے ذخائر 6 ہفتوں کی درآمدات کے برابر رہ چکے ہیں جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق کسی بھی ملک کے زرمبالہ کے ذخائر کم از کم 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہونا ضروری ہیں۔

ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 15 پیسے اضافے سے 134 روپے 10 پیسے کا ہو گیا۔ دو ہفتوں کے دوران ڈالر کی قیمت 1 روپے 63 پیسے بڑھ چکی ہے جس سے بیرونی قرضوں میں 154 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں حکومت کو فوری طور پر رقم کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے ورنہ روپے کی قدر مزید گھٹ جائے گی اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گا۔