انٹر بینک میں ڈالر 15 پیسے مہنگا، 134.10 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا

Last Updated On 13 November,2018 05:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے باعث ریٹ 134.10 روپے تک پہنچ گیا۔ ڈالر مہنگا ہونے سے دو ہفتوں میں بیرونی قرضے 154 ارب روپے بڑھ گئے. سٹاک مارکیٹ میں بھی 132 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

 

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر 132 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی، 100 انڈیکس 40 ہزار 963 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو اجس سے اس کا ریٹ 134.10 روپے تک پہنچ گیا۔ حکومتی دعوے اور دوست ممالک کے وعدے اپنی جگہ، لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ اب تک پاکستان کو ایک ڈالر بھی وصول نہیں ہوا۔ دوسری طرف بیرونی ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائرمسلسل گر رہے ہیں اور اب سٹیٹ بینک کے ذخائر 6 ہفتوں کی درآمدات کے برابر رہ چکے ہیں جبکہ عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق کسی بھی ملک کے زرمبالہ کے ذخائر کم از کم 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہونا ضروری ہیں۔

ڈالر کی بڑھتی مانگ سے اس کی قیمت بڑھ رہی ہے، دو ہفتوں کے دوران ڈالر کی قیمت 1 روپے 63 پیسے بڑھ چکی ہے جس سے بیرونی قرضوں میں 154 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں حکومت کو فوری طور پر رقم کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے ورنہ روپے کی قدر مزید گھٹ جائے گی اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔