کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 271 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، 100 انڈیکس 41 ہزار 388 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، زیادہ تر سرمایا کاروں کی نظریں سعودیہ عرب اور چین سے ملنے والے پیکیج پر لگی رہی کہ ان دنوں ممالک سے کتنی رقم پاکستان منتقل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انویسٹرز آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کے نتائج کا بھی انتظار کر رہے ہیں، جس کے باعث ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 271 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا، 100 انڈیکس اعشاریہ 7 فیصد اضافے سے 41 ہزار 388 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مجموعی طور پر حصص کی مالیت میں 13 ارب روپے کا اضافہ ہوا، بیرونی سرمایا کاروں نے 1 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ سال کے ابتداء میں پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری کا امکان ہے، جس سے اسٹاک مارکیٹ بھی اچھا پر فارم کر سکتی ہے۔