اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے درآمدی یوریا کی ہر بوری پر 950 روپے سبسڈی دینے کی منظوری دی ہے اور ایک لاکھ ٹن یوریا پر مجموعی طور ایک ارب 90 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں درآمد شدہ یوریا کھاد کی قیمت کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوریا 50 کلو کے تھیلے کی نئی قیمت 1712 روپے مقرر کی گئی ہے اور 2662 روپے میں درآمد اور تقسیم ہونے والی یوریا کو 950 روپے سستا فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں ملک میں کھاد کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 10 ستمبر 2018ء کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی ہدایت کی تھی تا کہ ربی کے سیزن میں کھاد کی طلب کو پورا کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2016ء میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ کمیٹی کو قومی غذائی تحفظ کی وزارت نے سرکاری شعبے کی جانب سے اضافی گندم اور گندم سے تیار کی گئی مصنوعات کی برآمد پر بریفنگ بھی دی گئی۔