روپے کی قدر میں کمی کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات نہیں بڑھ سکیں

Last Updated On 18 December,2018 04:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) روپے کی قدر کم ہونے کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ نہ ہوسکا۔ ادارہ شماریات جولائی سے نومبر کے دوران ساڑھے 5 ارب ڈالر مصنوعات برآمد کی گئیں۔

رواں مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے روپیہ ساڑھے 14 فیصد گر گیا، توقع کی جا رہی تھی کی روپے کی قدر میں کمی سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات ساڑھے 5 ارب ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے انہیں 5 ماہ میں بھی ٹیکسٹائل برآمدات میں ساڑھے 5 ارب ڈالر ہی ریکارڈ کی گئی۔

جولائی سے نومبر کے دوران کاٹن یارن کی برآمدات 15 فیصد کمی کے بعد 47 کروڑ ڈالر، نیٹ ویئر 11 فیصد اضافے سے 1 ارب 21 کروڑ ڈالر، بیڈ ویئر کی برآمدات 2 فیصد اضافے سے 96 کروڑ ڈالر اور گاڑمنٹس کی برآمدات 1 ارب ڈالر تک محدود رہی۔