اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی شعبہ زراعت کے مطابق رواں سیزن میں پاکستان 42 فیصد زائد گندم برآمد کر سکتا ہے۔
پاکستان میں گندم کی وافر مقدار میں پیداوار کے سبب برآمدات میں اضافے کا امکان ہے۔ امریکی شعبہ زراعت کے مطابق پاکستان اپریل 2019ء تک 17 لاکھ ٹن گندم برآمد کر سکتا ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے 42 فیصد زائد ہے۔
گزشتہ برس پاکستان نے 12 لاکھ ٹن گندم برآمد کی گئی تھی جبکہ امریکی شعبہ زراعت نے 10 لاکھ ٹن گندم کے برآمد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
مالی سال 18-2017ء کے دوران ملک میں 2 کروڑ 55 لاکھ ٹن گندم پیدا ہوئی تھی جبکہ مالی سال 19-2018ء کے دوران پاکستان میں 2 کروڑ 63 لاکھ گندم کی پیداوار متوقع ہے۔
وافر مقدار میں گندم ہونے کے سبب حکومت نے اس کی برآمدات کی اجازت دی تھی، یہی وجہ ہے کہ رواں مالی سال میں اب تک 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی گندم برآمد کی جاچکی ہے۔