اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ایگزون موبل کی جانب سے سمندر میں تیل وگیس کی تلاش کے دوران جلد خوشخبری ملے گی، انڈس بلاک جی سے ملنے والی گیس 25 سے 30 سال کی ضروریات پوری کرنے کےلیے کافی ہوگی۔
ایگزون موبل کے سی ای او ارتضیٰ سید نے وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے ملاقات کی۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وزیر پٹرولیم نے کہا کہ انڈس جی بلاک میں سمندر کی تیل وگیس کی تلاش کے دوران مارچ سے اپریل کے دوران پہلی خوشخبری ملے گی۔ ایگزون موبل مارچ میں نمونہ جات جانچ کے لیے ہوسٹ بھیجے گا۔
وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ انڈس بلاک جی سے تین سے آٹھ ٹریلین کیوبک فٹ کی بڑی دریافت کا امکان ہے جو آئندہ پچیس سے تیس سال کی ضروریات کے لیے کافی ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق غلام سرور خان نے کہا کہ ایگزون موبل تیل وگیس کی تلاش ایل این جی اور پیٹرو کیمیکل مواد کے پاکستان میں تجزیے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ملک میں تیل وگیس کی تلاش کے لیے درآمدی مشینری پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیز پر رعایت دی جائے گی۔