کراچی: (دنیا نیوز) سعودی سرمایہ کاری میں بڑی پیش رفت، آئل ریفائنری پر کام کا آغاز رواں برس میں ہی شروع ہو جائے گا۔ چین نے بھی معدنیات اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے.
وفاقی وزیر پیٹرولیم کی محنت رنگ لے آئی، ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے وفد نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی لاگت سے ریفائنری لگانے کی یقین دہانی کرادی ہے، ریفائنری پرکام کا آغاز رواں برس ہی شروع ہوجائے گا۔
یہ آئل رفائنری یومیہ 3 لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی، سعودیہ عرب معدنیات اور پیٹروکیمیکل کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ چین نے بھی انہی دونوں شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں اتنی بڑی ریفائنری کے کام شروع کرنے سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر کی بچت ہوگی، اس کے علاوہ پاکستان اپنی ضرورت سے زائد پیٹرولیم مصنوعات برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ حاصل کرسکے گا۔