'سٹاک مارکیٹ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کردار ادا کر سکتی ہے'

Last Updated On 17 January,2019 09:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے چئیرمین فرخ سبز واری کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکس چینج انفراسٹیکچر کے بڑے منصوبوں اور حکومت کی سرمائے کی فراہمی کی دیگر ضروریات کو احسن انداز سے پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

فرخ سبز واری کراچی میں پاکستان سٹاک ایکس چینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن، شوذب علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین، پی ایس ایکس کے حکام موجود تھے۔

فرخ سبز واری نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایس ای سی پی، معاشی ترقی کے حکومتی ایجنڈا کے مطابق، سٹاک مارکیٹ کی ڈویلپمنٹ اور فروغ کے لئے اصلاحات کا پروگرام شروع کر رہا ہے تا کہ اس مارکیٹ کو دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں کے ہم پلہ بنایا جائے۔

اجلاس کے آغاز میں گزشتہ چند سالوں میں سٹاک مارکیٹ میں کی گئی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد مارکیٹ میں گہرائی اور وسعت پیدا کرنے کے لئے ضروری اقدامات جیسے کہ نئی مصنوعات کو بروقت متعارف کروانا، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا، مارکیٹ کی ترقی کے لئے جامع اصلاحات کا پروگرام ترتیب دینا اور مارکیٹ کی وسعت اور سرمایہ کاروں میں اضافے کے لئے آگہی کے پروگرام اور دیگر اہم ایشوز پر بات کی گئی۔

سٹاک مارکیٹ میں نئی لسٹنگ کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے سہولتوں کی فراہمی اور میڈیم اینڈ سمال انٹر پرائزیز کی لسٹنگ کے لئے اقدامات کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اس بات کو بھی زیر غور لایا گیا کہ سٹاک مارکیٹ سرمائے کی فراہمی کا اہم پلیٹ فارم ہے اور اس کو مزید مستعد کیا جا سکتا ہے۔

فرخ سبز واری نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اس پوزیشن میں ہے کہ انفرا سٹکچر کے بڑے منصوبوں اور حکومت کی سرمائے کی دیگر ضروریات کو احسن انداز میں پورا کر سکتی ہے۔