اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کے مطابق روپے کی قدر میں کمی سے گزشتہ مالی سال قرضوں میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
روپے کی قدر میں کمی کا ہونا قومی خزانے پر اضافی بوجھ بن گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 18-2017ء میں روپے کی قدر میں 25 فیصد کمی سے قرضوں میں 1200 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
گزشتہ مالی سال حکومت نے بینکنگ ذرائع سے 1120 ارب روپے اور نان بینکنگ ذرائع سے 353 ارب روپے کا قرض لیا جبکہ بیرونی ذرائع سے 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 18-2017ء میں مالیاتی خسارہ 5 سال کی بلند ترین 2260 ارب روپے رہا جو جی ڈی پی کے 6 اعشاریہ 6 فیصد کے برابر ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق رواں مالی سال بھی مالیاتی خسارے میں کمی کا کوئی امکان نہیں کیونکہ حکومت نے برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی کے اقدامات ضرور کیے ہیں، مگر محصولات بڑھانے کی کوئی خاص کوشش نہیں کی جبکہ عالمی مالیاتی ادارے ترقی کی شرح میں کمی کی بھی پیش گوئی کر چکے ہیں۔