متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، زلفی بخاری

Last Updated On 26 February,2019 05:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ 14 لاکھ پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں جو زرمبادلہ میں اہم حصہ ڈال رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے پانچ ماہ میں تین مرتبہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جو اس کیساتھ قریبی تعلقات کا ثبوت ہے۔

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے زیر اہتمام پاکستان اور یو اے ای کی خطے میں امن اور سیکیورٹی کے لیے باہمی تعاون پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی، سفارتی اور معاشی تعلقات ہیں جو گزشہ پانچ ماہ میں مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

زلفی بخاری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے یو ایے ای ایکسپو 2020ء میں پاکستان کو بھی شامل کرے گا۔

منی لانڈرنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ پر خصوصی ٹاسک فورس کی وزیراعظم خود نگرانی کر رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔