پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا جن بوتل سے باہر، شہری چیخ اٹھے

Last Updated On 03 April,2019 03:30 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا، کوئٹہ میں دالیں، چاول، چینی، گھی، گوشت، مرغی اور کپڑوں کے ساتھ کفن کے نرخ بھی بڑھ گئے، بڑھتی مہنگائی نے شہریوں کی چیخیں نکال دیں۔

اوگرا کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی کوئٹہ میں ضروریات زندگی کی اشیا کےنرخوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا۔

مختلف اقسام کی دالوں کی پرچون میں فی کلو 10 روپے، چاول 5 سے 10 روپے، چینی 7 روپے، خوردنی تیل فی لیٹر 15 روپے جبکہ سبزیوں میں کریلے، کدو، مٹر، ٹماٹر اور پیاز کی قمیتوں میں 10 سے 40 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔ گوشت اور مرغی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

رہی سہی کسر ڈیری فارمرز نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں فی کلو10 سے 20 روپے اضافہ کر کے پوری کر دی۔ اشیاء خوردنی کے علاوہ کپڑوں سمیت دیگر ضروریات زندگی کی چیزوں کی قیمتوں میں 25 سے50 فی صد اضافے نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، شہری کہتے ہیں بڑھتی مہنگائی نے انہیں خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نےاشیاء خورونوش کی قمیتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لئے پرائس کنٹرول کیمٹی بنائی ہے جو گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے زبانی جمع خرچ تک محدود دکھائی دیتی ہے۔