2020ء تک پاکستانی معاشی ترقی کی شرح خطےمیں سب سے کم، ایشیائی بینک کی پیشگوئی

Last Updated On 03 April,2019 03:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معاشی ترقی میں کمی سے متعلق ایشیائی ترقیاتی بینک کی پیشگوئی سامنے آ گئی جس میں‌ کہا گیا ہے کہ خطے میں پاکستان کی شرح نمو 2020 تک سب سے کم رہے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مالی سال 2019 میں معاشی ترقی کی شرح 3.9 فیصد رہنے کا امکان ہے،اس دوران معیشت کو چیلنز کا سامنا رہے گا۔پاکستان میں سخت مانیٹری پالیسی کے باوجود خسارہ بڑھ رہا ہے، ایشیائی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی ضرورت کے لئے آئی ایم ایف سے بات ہورہی ہے،تاہم مالی سال 2020 تک معاشی ترقی کی شرح3.6 فیصد ہی رہے گی اس طرح پاکستانی معاشی شرح نمو خطے میں سب سے کم رہے گی، پانی کی قلت سے زراعت کا شعبہ دباو کا شکار رہے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ بھارت کی معاشی ترقی کی شرح رواں برس میں 7.2 فیصد رہے گی جو اگلے برس 2020 میں بڑھ کر 7.3 فیصد ہو جائے گی۔ چین سے متعلق پیشگوئی کی گئی ہے کہ اسکی معاشی ترقی کی شرح رواں برس 6.3 فیصد رہے گی جو 2020 میں نمو کم ہو کر 6.1 فیصد ہو جائے گی۔