اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی سے متعلق ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال شرح نمو 3.4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020ء میں پاکستان کی معاشی صورتحال بگڑے گی جس سے معاشی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے پاکستان کو برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مالیاتی اور زرعی پالیسیوں کو موثر بنایا ہے۔ پاکستان کی مقامی کھپت میں کمی کا امکان جبکہ برآمدات میں اضافے کی توقع ہے۔
ورلڈ بینک رپورٹ کے مطابق رواں سال سروسز سیکٹر کی پیداوار میں کمی کی توقع جبکہ زرعی اور صنعتی شعبہ کی پیداوار میں بھی کمی کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ 2021ء میں پاکستان کی شرح نمو 4 فیصد ہو سکتی ہے۔ آئندہ برس ترسیلات زر میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو سکتا ہے۔ رواں سال تجارتی خسارہ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ پاکستان کو معاشی شرح نمو بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔