ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف کریک ڈاؤن

Last Updated On 07 April,2019 02:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر صحت عامر کیانی کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات میں ازخود اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف پورے ملک میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ اس سلسلے میں لاہور، کراچی اور پشاور میں بڑی کاروائی کرتے ہوئے فارما سیوٹیکل کمپنیوں کی کروڑوں روپے کی ادویات غیر قانونی اضافہ پر قبضے میں لے لی گئیں۔

ترجمان ڈریپ کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں غیر قانونی طور پر اضافہ کرنے والی کمپنیوں کے گرد مزید گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ لاہور، کراچی اور پشاور میں غیر قانونی طور پر اضافے میں ملوث 28 دوا ساز کمپنیوں کے خلاف ایکشن کیا گیا اور ان کے خلاف کیسز رجسٹرڈ کیے گئے۔

ترجمان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق زائد قیمت وصول کرنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کا سٹاک قبضے میں لےلیا، بھاری جرمانے کیے گئے۔ مجموعی طور پر پورے ملک میں 59 دواساز کمپنیوں کی 226 ادویات کا سٹاک قبضے میں لیا گیا۔