پاکستان پوسٹ کا ای ایم ایس پلس سروس شروع کرنیکا اعلان

Last Updated On 08 April,2019 12:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پوسٹ کل سے دنیا بھر کے لیے ای ایم ایس پلس سروس کا آغاز کرے گا۔ امریکا اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کو سامان کی ترسیل 72 گھنٹوں میں کی جائے گی۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ سات ممالک میں کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد پاکستان پوسٹ کا دائرہ پوری دنیا تک وسیع کرنے جا رہے ہیں۔ پاکستان پوسٹ کل سے پوری دنیا کیلئے ای ایم ایس پلس سروس کا آغاز کرے گا۔ محض 72 گھنٹوں کے کم وقت میں امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، سعودی عرب، امارات، انگلینڈ اور جاپان سمیت پچاس ممالک میں سامان کی محفوظ ترسیل کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سامان کی ترسیل کے اخراجات بھی دیگر نجی کمپنیوں سے کہیں کم وصول کئے جائیں گے۔ اس سستی اور تیز ترین سروس سے عوام نا صرف اندرون بلکہ بیرون ملک اشیا بھجوا سکیں گے بلکہ اس سے ہماری برآمدات، ای کامرس اور آن لائن بزنس کی بھی افزائش ہو گی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ نادرا کے ساتھ مل کر پاکستان پوسٹ فرنچائز کی یہ سروسز پیر سے فعال ہو جائیں گی۔ پاکستان پوسٹ،   سب کا دوست" کے سلوگن کے تحت اسے صحیح معنوں میں قومی اثاثہ بنائیں گے۔