پاکستان سٹاک ایکسچینج 6 ماہ کی کم ترین سطح پر بند

Last Updated On 09 April,2019 02:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹاک مارکیٹ میں 599 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ 100 انڈیکس 36 ہزار 921 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ 16 اکتوبر 2018ء کو انڈیکس 36 ہزار 663 پوائنٹس کی سطح پر تھا۔

معاشی غیر یقینی اور عالمی مالیاتی ادرے ورلڈ بینک کی پاکستان کی معیشت پر رپورٹ کے بعد بیرونی اور مقامی سرمایا کار پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایا لگانے کے بجائے حصص کی فروخت میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے 1100 پوائنٹس سے زائد کی مندی کے بعد رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 599 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس 6 ماہ کی کم ترین سطح 36 ہزار 921 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات کے حتمی ہونے کے بعد معیشت درست سمت میں جانا شروع ہو جائے گی جس سے سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری کا امکان ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 9 پیسے اضافے سے 141 روپے 39 پیسے میں بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے کمی کے بعد 142 روپے 80 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔