اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم پانچ گنا بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے پلان آف ایکشن تیار کرتے ہوئے پاک ترک مشترکہ بزنس کونسل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق پاک ترک آزاد تجارتی معاہدے کو جون تک حتمی شکل دیدی جائے گی۔ اس کے تحت دو طرفہ تجارت کے حجم کو 90 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے چار ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔
مجوزہ معاہدے کے مطابق ترکی پاکستان کو ٹیکسٹال ٹیکنالوجی پارک کے قیام اور حقوق دانش کی بہتری کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ مشترکہ تعاون سے فیصل آباد، لاہور اور کراچی میں گارمنٹس سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جننگ، ویونگ، ڈائنگ اور فنشنگ کے شعبے میں بھی بہتری کیلئے ترکی سے ٹیکنالوجی درآمد کی جائے گی۔