اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے زبردست تیزی، 2537 پوائنٹس کا اضافہ

Last Updated On 26 May,2019 03:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے زبردست تیزی رہی، 2 ہزار 537 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ رواں ہفتے ڈالرنے تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوا۔

 حکومت کی اسٹاک مارکیٹ میں سپورٹ فنڈ کی یقین دہانی بھی کام کرگئی، شدید مندی کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 2537 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو دس سال کے بعد کسی ایک ہفتے میں اتنا بڑا اضافہ ہے۔

کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 35 ہزار 703 پوائنٹس کی سطح پر بندہوا۔ انڈیکس میں 7 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا۔ حصص کی مالیت میں 400 ارب روپے اضافہ جبکہ شیئر کی کل مالیت 7200 ارب روپے ہوگئی۔

رواں ہفتے ڈالرنے بھی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوا، انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 97 پیسے مہنگا ہو کر 150 روپے 91 پیسے پر بند ہوا۔ اس ہفتے ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 151 روپے 95 پیسے تک بھی پہنچا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو کر 151 روپے 50 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ اسکی بلند ترین سطح 154 روپے بھی دیکھی گئی تھی۔