اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی دستاویز کے مطابق وفاق اور صوبے 1837 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کریں گے۔ سڑکوں اور ڈیموں کی تعمیر، توانائی، ریلوے، ہائر ایجوکیشن، فاٹا اور گرین پاکستان منصوبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 29 مئی کو ہوگا۔ دستاویزات کے مطابق وفاق کا ترقیاتی بجٹ 925 اور صوبوں کا 912 ارب روپے ہوگا۔
این ایچ اے لیے 157 ارب روپے، آبی وسائل کے لیے 84 اور پیپکو کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کے ہنرمند پروگرام کے تحت 10 ارب خرچ ہوں گے۔
ہائر ایجوکیشن کے لیے ترقیاتی بجٹ 32 ارب روپے، ایرا کے لیے 5 ارب روپے، موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کے لئے 7 ارب اور وزارت خرانہ کے لئے 36 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
وزارت داخلہ کا ترقیاتی بجٹ 13 ارب سے کم کرکے 9 ارب روپے جبکہ ڈیفنس ڈویژن کا بجٹ 50 کروڑ سے کم کر کے 42 کروڑ کیا گیا ہے۔ وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے لئے 44 ارب سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائے گا۔