کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف پیکیج ملنے اور پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آنے کے بعد روپے نے امریکی ڈالر کے کس بل نکال دیئے۔
دنیا نیوز کے مطابق انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید 1 روپے 5 پیسے سستی ہو گئی جس کے بعد مارکیٹ میں امریکی ڈالر157 روپے سے بھی نیچے آنے کے بعد 156 روپے 56 پیسے پر بند ہوا۔
مارکیٹ حکام کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں امریکی ڈالر چار روز رکے دوران 7 روپے 49 پیسے سستا ہوا ہے جس کے بعد ملک پر غیر قرضوں میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی 50 پیسے کمی دیکھی گئی، ایک امریکی ڈالر عوام کے لیے 157 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ڈیلرز حکام کے مطابق اوپن مارکیٹ میں چار روز کے دوران امریکی کرنسی کے ریٹ میں 7 روپے 25 پیسے گراوٹ دیکھی گئی۔ امید ہے کہ کاروباری آخری روز میں بھی امریکی کرنسی مزید گرنےکی توقع ہے۔
دریں اثناء سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 1000 روپے کمی دیکھی گئی۔ صرافہ مارکیٹوں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں فی تولہ سونے کی قیمت 77200 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 858 روپے کی گراوٹ کے بعد 66186 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تنزلی دیکھی گئی جس کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے انڈیکس 325.93 پوائنٹس کمی کے بعد 34570.62 پوائنٹس پر بند ہوا۔