کوئٹہ: نانبائی کم وزن روٹیاں من پسند ریٹ پر فروخت کرنے لگے، عوام پریشان

Last Updated On 14 July,2019 10:47 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں نانبائیوں نے کم وزن روٹیاں من پسند ریٹ فروخت کرنا شروع کر دیں۔ روٹی کا سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیا اور روٹی کے نرخ بڑھانے کا مطالبہ بھی کر دیا، عوام کم وزن اور زائد ریٹ پر روٹی کی فروخت پر پریشانی کا شکار ہو گئے۔

ایک جانب مہنگائی کا طوفان اور دوسری طرف منافع خوروں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ کوئٹہ میں 60 فی صد شہری تنور کی روٹی استعمال کرتے ہیں۔

لوگوں کی مبجوری سے نانبائی فائدہ اٹھارہے ہیں۔ نانبایئوں نے 20 روپے والی 400 گرام کی روٹی کا وزن گھٹا 350 گرام کر دیا اور 800 گرام کی بجائے 700 گرام کی روٹی چالیس روپے میں فروخت کرنے لگے ہیں۔ تندور والوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سبب اخراجات بڑھ گئے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے دو سوگرام کا 10 اورچارسو گرام روٹی کی قیمت 20 روپے مقررہے جبکہ نانبائی خودساختہ قیمت پر روٹی فروخت کر رہے ہیں۔ محکمہ اوزان و پیمائش کے حکام کا کہنا ہے کہ کم وزن روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرکے سزا دی جاتی ہے۔

دوسری جانب تندور ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے جس پر نانبائوں اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان مذاکرات اگلے دو روز میں متوقع ہیں۔