لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہاکہ حکومت نے 1600 آئٹمز پر ڈیوٹی صفر کی لیکن 3 ہزار آئٹمز پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی عائد کر دی جس کی وجہ سے مصنوعات مہنگی اور مقامی صارفین کے مسائل میں اضافہ ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور چیمبر کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ 3 ہزار آئٹمز پر ڈیوٹی واپس لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی کے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ ایکسپورٹ سے وابستہ سیکٹرز کیلئے زیر وریٹنگ کی سہولت کے خاتمے سے برآمدی شعبہ کیلئے بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، حکومت کو اس فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت تب تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی نہ ہو لہذا حکومت تاجروں کے حقیقی مسائل فوری طور پر حل کرے۔ وفاقی بجٹ کے بعد سے اب تک صنعتی و تجارتی سرگرمیاں انجماد کا شکار ہیں، کاروباری حجم سکڑ رہے ہیں اور تاجروں کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہے، پالیسیوں میں ترامیم کے ذریعے تاجر برادری کے تحفظات دور کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسوں کے پیچیدہ اور ناقابل قبول نظام، زیادہ پیداواری لاگت، غیر موافق کاروباری ماحول اور دیگر بہت سے مسائل کی وجہ سے معیشت سکڑ رہی ہے، انڈسٹری اور تجارت بند ہو رہی ہے۔