لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں عوام کے محافظ بھی چوروں سے محفوظ نہ رہے۔ سبزہ زار کے علاقہ میں چور ایس پی کے گھر کا صفایا کر گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق واردات سبزہ زار بلاک تھری کے رہائشی ایس پی لیگل فیصل آباد افضل نذیر کے گھر پر ہوئی۔ نامعلوم چور ڈرائینگ روم کی کھڑکی کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے اور دوران واردات بھاری مالیت کا قیمتی سامان اور 50 ہزار روپے نقدی لے اڑے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔