لاہور: (روزنامہ دنیا) سی آئی اے پولیس خطرناک ملزموں کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، خطرناک ملزموں کو گرفتار کرنے کے لیے سٹریٹجک آپریشن یونٹ بنا دیا گیا۔
روزنامہ دنیا کے مطابق آپریشن یونٹ بیرون ملک فرار ہونیوالوں اور بلیک بک سمیت دیگر اشتہاریوں کی گرفتاری پر کام کرے گا۔ ایک ڈی ایس پی کو اس کا سربراہ بنایا گیا ہے، دیگر 9 ماتحت افسر اور اہلکار اس یونٹ کا حصہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سٹریٹجک آپریشن یونٹ سی آئی اے ماڈل ٹاؤن آفس میں بنایا گیا ہے۔ آن پے سکیل پر ڈی ایس پی عمران کو اس کا سربراہ بنایا گیا ہے، وہ خطرناک اشتہاری جو بیرون ممالک فرار ہو چکے ہیں ان کو گرفتار کرانے کے لیے کام کرے گا۔
اس کے علاوہ بلیک بی، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر اشتہاریوں کا ڈیٹا لے کر جدید ٹیکنالوجی سے ان ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے یونٹ کام کرے گا۔
روزنامہ دنیا کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق سٹریٹجک یونٹ گینگ بنا کر وارداتیں کرنے والے ملزمان، منشیات کے بڑے ڈیلر اور جیل میں ڈکیتی قتل اور ڈکیتی کے ملزمان کا ریکارڈ مرتب کرے گا۔
ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ سٹریٹجک یونٹ بنانے کا مقصد جرم ہونے سے پہلے روکنا ہے۔