پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں چھوٹے سمگلروں اور پولیس کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس حکام نے عملہ معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ حیات آباد کی حدود میں کپڑے اور دیگر اشیا کی سمگلنگ کرنے والوں کے دو چنگ چی روکے گئے جس پر سمگلروں نے پولیس پر ہلہ بول دیا اور فائرنگ کرتے ہوئے ایک رکشا بھگا لے گئے، اس دوران پولیس نے سمگلروں کو منتشرکرنے کےلیے ہوائی فائرنگ کی۔
فائرنگ کی زد میں آتے ہوئے ایک راہ گیر زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ایچ ایم سی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔
وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ آئی جی پولیس کی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اہلکار کو معطل کرکے لائن حاضر کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعہ کی انکوائری کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔