اگست: حکومت کو پٹرولیم لیوی سے 25 ارب سے زائد آمدنی کی توقع

Last Updated On 01 August,2019 10:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو پٹرولیم لیوی کی مد میں رواں ماہ 25 ارب روپے سے زائد آمدنی کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے لئے ٹیکس وصولی کا سب سے آسان طریقہ پیٹرولیم مصنوعات ہیں کیونکہ پٹرول اور ڈیزل کے بغیر تو کسی صورت عوام کا گزارہ ہی نہیں، اس وقت پیٹرول پر 18 روپے اور ڈیزل پر 15 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرولیم بم گرا دیا، پٹرول 5 روپے 15 پیسے فی لٹر مہنگا

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال ملک بھر میں پیٹرول کی اوسط ماہانہ فروخت 83 کروڑ لٹر اور ڈیزل کی 71 کروڑ لٹر ریکارڈ کی گئی تھی اگر ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت اسی حساب سے رہی تو رواں ماہ حکومت کو ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی مد میں 12 ارب 50 کروڑ روپے اور پیٹرول پر 12 ارب 80 کروڑ روپےحاصل ہونگے۔

دنیا نیوز کے مطابق حکومت کو اگست کے دوران مجموعی طور پر 25 ارب روپے سے زائد کی آمدنی صرف پیٹرولیم لیوی کی مد میں ملے گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی تھیں، پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل 8 روپے 90 پیسے فی لٹر مہنگا کیا تھا۔

عوام کو اب پٹرول 117روپے 83 پیسے، ڈیزل 132روپے 47 پیسے، لائٹ ڈیزل 97 روپے 52 پیسے اور مٹی کا تیل 103 روپے 84 پیسے کے ریٹ پر مل رہا ہے۔
 

Advertisement