پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح صرف 2.4 رہے گی، آئی ایم ایف کی پیشگوئی

Last Updated On 20 September,2019 11:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے آئی ایم ایف مشن نے معاشی ترقی کی شرح صرف 2.4 فیصد رہنے کی پیشگوئی کردی۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ مانیٹری پالیسی سے مہنگائی میں کسی حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ حکومت کا ٹیکس آمدن بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

پاکستان کا دورہ مکمل ہونے پر آئی ایم ایف نے جاری اعلامیے میں کہا کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات پروگرام ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اصلاحاتی پروگرام سے پاکستان کے کچھ شعبوں میں بہتری آ رہی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک کے ایکس چینج ریٹ پر اقدامات کے مثبت اثرات نظر آئیں گے جبکہ مانیٹری پالیسی اور ایکس چینج ریٹ سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہونا خوش آئند ہے، تاہم پاکستان مالیاتی خسارہ قابو کرے اور اہداف پورے کیے جائیں۔ اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی ایم ایف ٹیم آئندہ ماہ پھر پاکستان آئے گی۔