لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی رہی جبکہ اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں بھی امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں سستا ہو گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر کے کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر روپے کے مقابلے میں 12 پیسے سستا ہوا جس کے بعد ایک امریکی کرنسی کی قیمت روپے کے مقابلے میں 156 روپے 41 پیسے ہو گئی۔
دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 10 پیسے تنزلی دیکھی گئی، روپے کے مقابلے میں ایک امریکی کرنسی 156 روپے 80 پیسے کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مسلسل ساتویں سیشنز میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 603 پوائنٹس بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، پہلے روز 8 پوائنٹس، دوسرے روز 175.47، تیسرے روز 109.03، چوتھے روز 389 جبکہ پانچویں روز 281 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، گزشتہ ہفتے شاندار بزنس کے بعد مسلسل چھ سیشنز کے دوران مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1600 پوائنٹس بڑھا تھا، اسی کا تسلسل آج بھی حصص مارکیٹ میں دیکھنے میں آیا جہاں انویسٹرز مارکیٹ میں متحرک نظر آ رہے ہیں جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 603 پوائنٹس بڑھ گیا۔
کاروبار کے دوران ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 33850.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران تیزی معمولی مندی میں آئی اور انڈیکس 32947.22 پوائنٹس پر آ گیا، اس دوران سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر متحرک نظر آئے اور ٹریڈنگ کے دوران شیئرز کی خریدو فروخت دیکھنے میں آئی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 603 پوائنٹس بڑھ کر 33 ہزار 636 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تیزی کے باعث 6 نفسیاتی حدیں بھی بحال ہوئیں، تیزی کے باعث 33100. 33200. 33300، 33400، 33500، 33600 کی نفسیاتی حد بحال ہوئی۔ جبکہ کاروباری حجم ایک سال کی بلند ترین سطح 39 کروڑ شئیرز رہا۔ تیزی کے باعث پورے کاروباری روز 1.79 فیصد بہتری دیکھی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے تاجروں کیساتھ ہونیوالی میٹنگ کے دوران تحفظات دور ہونے کے بعد انویسٹرز مارکیٹ میں زبردست ٹریڈنگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔