سیّد شبر زیدی نے ایف بی آر کی اردو ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا

Last Updated On 18 October,2019 03:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین ایف بی آر سیّد محمد شبر زیدی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اردو ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ اردو ویب سائٹ کا اجراء ٹیکس گزاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گا۔

ممبر فیٹ مصطفی سجاد حسن اور چیف فیٹ تہمینہ عامر نے چئیر مین ایف بی آرکو اردو ویب سائٹ کی خصوصیات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے سینئر افسران ممبر ایڈمن نوشین جاوید امجد، ممبر آئی آر آپریشنز سیما شکیل ممبر کسٹمز آپریشنز جواد اویس آغا اور سپیشل اسسٹنٹ چیئرمین ایف بی آر زبیر بلال بھی موجود تھے۔

دنیا نیوز کے مطابق اردو ویب ساٰئٹ ٹیکس گزاروں کو آن لائن انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، کسٹمز اور ایف بی آر معلومات سے متعلقہ معلومات اور خدمات فراہم کرےگی۔اردو ویب سائیٹ پر انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس اور کسٹمز سے متعلقہ دیگر معلومات کا ذخیرہ موجود ہے۔

اردو ویب سائیٹ کے اجراء سے ٹیکس گزار نہ صرف اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں بلکہ اپنے سوالات کے جوابات بھی قومی زبان میں حاصل کر سکتے ہیں۔تمام ٹیکس قوانین، ایس آر اوز اور سرکولرز بھی اردو زبان میں دستیاب ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر نے فیٹ ونگ کے افسران و سٹاف کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی جن کی محنت سے کم ترین عرصہ میں اردو ویب سائیٹ کا افتتاح ممکن ہو پایا ہے۔اس موقع پر چئیر مین ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف بی آر بہت جلد مکمل آٹومیشن حاصل کر لے گا جس کی بدولت ٹیکس گزاروں کو بہت سہولیات میسر آئے گی۔
 

Advertisement