کوئٹہ: (دنیا نیوز) موسم بدلتے ہی کوئٹہ میں خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، صرف چلغوزے کی قیمت میں ڈیڑھ ہزار روپے فی کلو اضافہ ہو گیا۔
کوئٹہ کی ہول سیل ڈرائی فروٹ مارکیٹ میں حکومت کی جانب سے ٹیکس لگائے جانے کے بعد خشک میوہ جات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 60 ہزار روپے کے اضافے کے بعد چلغوزہ فی من 2 لاکھ 20 ہزار تک جا پہنچا ہے۔
مختلف اقسام کے بادام فی من 6 ہزار، پستہ 10ہزار اور کاجو 15 ہزار روپے فی من مہنگا ہوا، ہمسایہ اور دیگر ممالک سے ڈرائی فروٹ کی تجارت کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قمیت میں اضافے اور ٹیکسز نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔
عام آدمی دکانوں میں سجے ڈرائی فروٹ دیکھ کر ہی اپنا دل بہلا سکتا ہےکیونکہ اب خشک میوہ جات کی قمیتوں میں فی کلو 250 سے لیکر 1500 تک کے اضافے نے اس مہنگائی کے دور میں اسے خریدنا ایک خواب ہی بنا دیا ہے۔
مقامی طور پر کاشت کئے جانے والے آڑو اور تلوار بادام جو اپنے منفرد ذائقے اور غذائیت کی وجہ سے مشہور ہیں، انکی قیمتوں میں بھی 10 ہزار روپے فی من اضافہ ہو چکا ہے۔