فیصل آباد: یوٹیلٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کے دعوے ہوا، آٹا، گھی، چینی اور دالیں ناپید

Last Updated On 14 February,2020 10:00 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ قیمتوں پر اشیاء کی فراہمی کے دعوے ہوا ہو گئے۔ بیشتر یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، چینی اور دالیں ناپید ہو گئیں جس سے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

فیصل آباد کے بیشتر یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، دالیں، گھی، چینی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر بنیادی اشیاء خورونوش نایاب ہو گئیں۔ اسٹورز پر اشیاء دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے شہری مارکیٹوں سے مہنگے داموں اشیاء کی خریداری پر مجبور ہیں۔ شہری شکوہ کرتے ہیں کہ حکومتی دعوے صرف طفل تسلیاں ہیں۔ حقائق اس کے برعکس ہیں۔

دوسری جانب زونل مینیجر یوٹیلٹی اسٹورز کی تو منطق ہی نرالی ہے۔ کہتے ہیں کہ ریجن کے تمام اسٹورز پر اشیاء ہمہ وقت فراہم کی جارہی ہیں اور شہریوں کو سبسڈی کے ثمرات بھی مل رہے ہیں۔

شہری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹوں میں بھی اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے۔