گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) بے موسمی بارشوں نے گوجرانوالہ ڈویژن میں گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور لاکھوں ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت نہیں کی جا سکی۔
گوجرانوالہ ڈویژن میں ہونے والی حالیہ بے محل بارشوں کے سبب گندم کے کھیتوں میں پانی کھڑا ہے۔ خوشے کالے ہوتے جا رہے ہیں جبکہ کاشتکار نقصان سے بچنے کیلئے تیار فصل کاٹنے اور چارہ منڈیوں میں لے جا کر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
رواں سیزن میں گوجرانوالہ ڈویژن میں 25 لاکھ ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت ہونا تھی لیکن بے موسمی بارشوں کے باعث نارووال میں 30 اور سیالکوٹ میں 8 فیصد رقبہ پر گندم کم کاشت کی گئی۔
گندم کی کم بوائی اور کھڑی فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات سے پیداوار میں کمی اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔