اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان سے برآمد کیا گیا کینو چین میں 18 گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے۔ سرگودھا میں کینو کی فی کلو اوسط قیمت 25روپے ہے چین میں ای کامرس پلیٹ فارمز پر یہ کینو 19.96 یوآن پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کینو کے حالیہ برآمدگی سیزن میں 2650 باکسز پر مشتمل پاکستانی کینو کی پہلی کھیپ 21 فروری 2020ء کو چین کی بندرگاہ ڈالیان پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین سال میں چین کو پہلی مرتبہ کینو برآمد کئے گئے ہیں۔
چائنہ اکنامک نیٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں چین کو کینو برآمد کرنے کے حوالے سے 21کمپنیاں معیار پر پورا اترتی ہیں، جن سے پراسیس شدہ کینو ہی چین برآمد کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کینو کی اوسط فی کلو گرام قیمت 25روپے ہے جو 0.56یوآن بنتی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سے 0.56 یوآن قیمت پر درآمد کیا گیا کینو چین کی مارکیٹ میں 19.96یوآن پر فروخت کیا جا رہاہے۔ اسطرح پاکستانی کینو چینی مارکیٹ میں پاکستان کے مقابلہ میں 18 گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔