کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 25 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک ایکسچینج میں 798 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
ایک ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی، انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے کمی کے بعد 163 روپے 57 پیسے پر بند جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 25 پیسے کمی کے بعد 163 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا۔ ڈالر کی قیمت میں کمی سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 300 ارب روپے سے زائد کمی ہوئی۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ 798 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 32 ہزار 831 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، حصص کی مالیت میں 155 ارب روپے کا اضافہ ہوا، اس دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز تاریخ میں پہلی بار انڈیکس میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا تو ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لئے بند بھی کیا گیا۔
سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے اعلان کے باعث سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ میں کود پڑے اور جم کر شیئرز کی خریداری شروع کر دی جس کے باعث سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈ کرنے والی تقریبا تمام کمپنیوں کے حصص کی مالیت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔