ملتان ڈویژن: 7 لاکھ 60 ہزار ٹن گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کیلئے47 مراکز فعال

Last Updated On 26 April,2020 10:27 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ڈویژن میں سات لاکھ ساٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کیلئے 47 خریداری مراکز کو فعال کیا گیا ہے جن پر کاشتکاروں کو پچاس فیصد بار دانہ دے کر تیس فیصد گندم بھی خرید لی گئی ہے۔

محکمہ فوڈ نے ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں سنتالیس خریداری مراکز قائم کیے ہیں جن پر 76 لاکھ باردانہ فراہم کر کے خریداری ہدف بھی سات لاکھ ساٹھ ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے محکمہ فوڈ نے پچاس فیصد تک باردانہ تقسیم کر کے کاشتکاروں سے تیس فیصد گندم خرید لی ہے تاہم گندم خریداری کے حوالے سے نمی کا تناسب 10 فیصد مقرر ہونے پر حالیہ بارشوں سے کاشتکاروں کی اکثریت پریشان ہے۔

محکمہ فوڈ نے اب تک ایک لاکھ 68 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید لی ہے جس پر وزیراعلی پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مڈل مین کا کردار ختم کر کے چودہ سو روپے فی من کے حساب سے کاشتکاروں سے گندم خرید رہے ہیں جس کاشتکاروں کو کافی حدتک ریلیف ملے گا۔

گندم خریداری مراکز پر وقتا فوقتا کورونا سے بچاو کیلئے سپرے کیا جا رہا ہے جبکہ سماجی فاصلے کے اصولوں پر بھی عملدرآمد سے صورتحال تسلی بخش ہے۔