اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں کورونا ریلیف کے تحت چھوٹے کاروبار او زرعی شعبے کے لیے 100 ارب روپے کا پیکج منظور کر لیا گیا
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کورونا ریلیف کے تحت چھوٹے کاروبار او زرعی شعبے کے لیے 100 ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا، زرعی شعبے کے لیے 56 ارب روپے کی پیکج منظور کیا گیا۔ کسانوں کے لیے کھاد پر 37 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ڈی اے پی پر 925 روپے فی سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے، فاسفیٹک اور نائٹروجن کھادوں پر 243 روپے فی بوری کی سبسڈی منظور کی گئی ہے۔
ای سی سی اعلامیہ کے مطابق خریف سیزن کے لیے ساڑھے نو لاکھ ٹن ڈی اے پی کھاد کی ضرورت ہوگی، خریف سیزن میں 30 لاکھ ٹن دیگ کھادوں کی ضرورت ہوگی، زرعی قرضوں کے لیے 8 ارب 80 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ کپاس کے بیج کے لیے دو ارب 30 کروڑ کی سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سفید مکھی کی روک تھام کے لیے 6 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ٹریکٹرز کی تیاری کے لیے ڈھائی ارب روپے کی سبسڈ ی کی منظوری دیدی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسان کو قرضوں میں رعایت پر بھی غور کیا گیا، لائن آف کنٹرول پر متاثرہ افراد کے لیے 12 ہزار روپے کیش گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے لائن آف کنٹرول کے متاثرین کو 6 ماہ تک 2000 ماہانہ ملے گا۔
وزارت دفاع کے لیے 16 ارب 60 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے، پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے لیے 28 کروڑ 80 لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، رقم سے پاکستان مشین ٹول فیکٹری کے ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی۔ وزارت قانون کے لیے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سٹیل ملز کے پنشنرز کے واجبات پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل ڈیوائسز مینوفیکچرر پالیسی منظور کرلی گئی۔ مقامی طور موبائل کی تیاری سے 2 لاکھ نوکریاں مل سکیں گی، آزاد جموں کشمیر کے لیے 35 ہزار ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دی گئی ہے۔ آزاد جموں کشمیر کو پاسکو کے ذخائر سے گندم فراہم کی جائے، گندم کی ترسیل کے لیے ڈیڑھ ارب روپے میں سے نصف وفاقی حکومت دے گی۔