کراچی: (دنیا نیوز) مہنگائی کی شرح گیارہ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، ادارہ شماریات کے مطابق مئی میں پیٹرول 13 فیصد سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق مئی 2020 میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 22 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ مئی 2019 میں مہنگائی کی شرح 8 اعشاریہ 4 فیصد رہی تھی جبکہ رواں مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 10 اعشاریہ 94 فیصد اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار کے مطابق مئی میں پیاز کی قیمت میں 23 فیصد، پیٹرول کی قیمت میں 13 فیصد اور انڈے 19 فیصد سستے ہوئے جبکہ ایک ماہ میں آلو 31 فیصد مہنگا ہوا، اس کے علاوہ پھلوں کی قیمت میں 9 فیصد، دودھ کی قیمت میں 4 فیصد اور گوشت کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، اگر حکومت پیٹرول کی طرح اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو بھی صوبائی سطح پر کنٹرول کرے تو مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوسکتی ہے جس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔