لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر مندی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 170.44 پوائنٹس گر گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجٹ پیش کیے جانے کے بعد رواں ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ مندی نے سٹاک مارکیٹ میں ڈیرے ڈالے ہیں، پہلے کاروباری روز کے دوران 786.72 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، تاہم گزشتہ روز تیزی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس میں 194.61 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، پہلے ہی دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس میں 200 پوائنٹس سے زائد کی تیزی ریکارڈ کی گئی، تاہم آگے جا کر سیاسی حالات کے باعث تیزی میں جانے والی حصص مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے۔
ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا اختتام 170.44 پوائنٹس کی مندی پر ہوا جس کے بعد انڈیکس 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر کھو بیٹھا اور 33848.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.5 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 14 کروڑ 41 لاکھ 64 ہزار 416 شیئرز کا لین دین ہوا، سرمایہ کاروں کی طرف سے شیئرز کی زیادہ تر فروخت کو ترجیح دی گئی۔