فیصل آباد میں مویشی منڈیاں سجنا شروع، بیوپاری جانور فروخت کرنے کی باضابطہ اجازت کے منتظر

Last Updated On 24 June,2020 08:41 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں قربانی کے جانوروں کے لیے مویشی منڈیاں سجنا شروع ہو گئیں، دور دراز کے علاقوں سے آئے بیوپاری منڈیوں میں جانور فروخت کرنے کے لیے باضابطہ حکومتی اجازت کے خواہاں ہیں۔ انتظامیہ ابھی تک کوئی حکمت عملی تیار نہ کر سکی۔

ایک طرف کورونا کی وبا، دوسری جانب سنت ابراہیمی اور بیوپاری گومگو کا شکار ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر مویشی منڈیاں لگنے کے حوالے سے حکومت تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی۔

نیاموآنہ کی مویشی منڈی میں دور دراز علاقوں سے آنے والے بیوپاریوں نے ڈیرے ڈالنے شروع کر دئیے۔ بیوپاری کہتے ہیں کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے خریدار منڈی کا رخ نہیں کر رہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ منڈیوں میں جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد نہ کرے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث حکومت فیصلہ کرنے میں ابہام کا شکار ہے۔ معاملے پر مینیجنگ ڈائریکٹر کیٹل مارکیٹ کرنل ریٹائرڈ بابر فیروز کہتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے منڈی لگانے کی اجازت ملی تو ایس او پیز پر بھر پور عمل درآمد کروائیں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مویشیوں کے سیلنگ پوائنٹ بڑھانے اور آن لائن جانوروں کی خریدوفروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔